ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / میرٹھ ایس پی سٹی کی مسلمانوں کو کھلے عام دھمکی ”چلے جاؤ پاکستان، ورنہ میں چھوڑوں گا نہیں“

میرٹھ ایس پی سٹی کی مسلمانوں کو کھلے عام دھمکی ”چلے جاؤ پاکستان، ورنہ میں چھوڑوں گا نہیں“

Sun, 29 Dec 2019 10:53:43    S.O. News Service

میرٹھ،29/دسمبر(ایس او نیوز/ایجنسی) ملک بھر میں شہریت ترمیم قانون کے خلاف احتجاج جاری ہے، اس دوران اترپردیش پولیس کی ایک اور ویڈیو سامنے آئی ہے، جسے لے کر اس کے طریقہ کار پر سنگین سوال کھڑے کئے جا رہے ہیں، یہ ویڈیو میرٹھ کا ہے اور 20 دسمبر کا ہے۔ 20 دسمبر کو لوگ یہاں پر شہریت ترمیم قانون کے خلاف مظاہرہ کر رہے تھے، ویڈیو میں سٹی ایس پی اکھلیش نارائن سنگھ مسلم مظاہرین کو دھمکی دیتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں۔ ویڈیو میں سٹی ایس پی سیاہ پٹی باندھ کر مظاہرہ کر رہے لوگوں کو پاکستان جانے کی ہدایت دے رہے ہیں۔سٹی ایس پی میرٹھ اکھلیش نارائن سنگھ ویڈیو میں یہ کہتے ہوئے نظر آ رہے ہیں کہ جو لوگ سیاہ پٹی باندھ کر مظاہرہ کر رہے ہیں وہ پاکستان چلے جائیں، سٹی ایس پی کو ویڈیو میں یہ کہتے ہوئے سنا جا سکتا ہے، کھاؤ گے کہیں کا اور گاؤ گے کہیں کا، تصویریں لے لی گئیں ہیں، تمام لوگوں کی شناخت ہوگئی ہے، کچھ ہوا تو قیمت چکاؤ گے۔ایس پی سٹی اکھلیش نارائن سنگھ نے نازیبا زبان کا بھی استعمال کیا، انہوں نے کہا، ”جو سیاہ پٹی اور پیلی پٹی باندھ رہے ہیں ان کو بتا رہا ہوں، وہ پاکستان چلے جائیں، مستقبل خراب کرنے میں سیکنڈ بھر لگے گا، ایک سیکنڈ میں سب کالا ہو جائے گا، ملک میں نہیں رہنے کی مرضی ہے تو پاکستان چلے جاؤ بھیا۔ بتاؤ... نہیں نہیں تصویریں لے لی ہیں، بتاؤں گا ان کو، ان کو بتا دینا، گلی مجھے یاد ہو گئی ہے، یاد رکھنا مجھے یاد ہو جاتا ہے تو نانی تک میں پہنچتا ہوں، یاد رکھئے گا آپ لوگ، تم لوگ بھی قیمت چکاؤ گے“۔میرٹھ میں ایس پی سٹی کا ویڈیو وائرل ہونے کے بعد اب ایس پی سٹی اکھلیش نارائن سنگھ کا بیان آیا ہے، انہوں نے کہا، ”ہمیں دیکھ کر کچھ لڑکوں نے پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے اور بھاگنے لگے، میں نے ان سے کہا کہ اگر آپ پاکستان زندہ باد کے نعرے لگاتے ہو اور ہندوستان سے اتنی نفرت کرتے ہو اور پتھر پھینکتے ہو تو پاکستان چلے جاؤ، ہم ان لوگوں کی شناخت کرنے کی کوشش کر رہے ہیں“۔


Share: